
قلات (یو این اے) قلات کے قریب مسلح افراد نے ٹرکوں کے ایک قافلے پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 ٹرکوں کو نقصان پہنچا ہے۔ٹرانسپورٹرز ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے قلات کے قریب ٹرکوں کے قافلے کو نشانہ بنایا، فائرنگ کے باعث متعدد گاڑیاں متاثر ہوئیں، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع تاحال سامنے نہیں آئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز موقع پر پہنچ گئیں اور علاقے کا جائزہ لینے کے ساتھ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ضروری اقدامات شروع کردیے۔ذرائع کے مطابق حملے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے جبکہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورتحال واضح ہوسکے گی۔



