

سرانان (یو این اے) بلوچستان کے علاقے سرانان میں ڈبل روڈ کی تعمیر پر کام کرنے والے مزدوروں اور تعمیراتی مشینری پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 5 مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے۔ زخمی مزدور کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کی وجوہات اور حملہ آوروں سے متعلق مزید معلومات سامنے نہیں آسکیں، جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔دو سری جانب وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سرانان بازار میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر معصوم پاکستانیوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر شہید کیا گیا، جبکہ محنت کش مزدوروں کو نشانہ بنانا دہشت گردوں کی سفاک ذہنیت کا واضح ثبوت ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مزدور ملک اور بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے تھے، معصوم شہریوں کا خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں بلکہ معصوم پاکستانیوں کی شہادت ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فیصلہ کن کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری ریاست اور قوم متحد ہے اور امن دشمن عناصر کو اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ میر سرفراز بگٹی نے شہدا کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔



