
کوئٹہ (یو این اے) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ ملک اور صوبے میں سیاسی و سماجی عدم استحکام قومی بحران کی شکل اختیار کرچکا ہے، بلوچستان کی صورتحال تشویشناک حد تک خراب ہوچکی ہے، جبکہ برسرِ اقتدار جماعتیں باہمی رسہ کشی میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام بدامنی اور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، جبکہ ملک کے ذمہ داران نے مجرمانہ خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کی ضلعی کونسل کے زیر اہتمام ضلعی کنونشن کے دوسرے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل احمد کوہزاد، قادر نائل، داد چنگیزی، فریدہ ہزارہ اور فدا حسین ہزارہ نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے ضلعی کنونشن کو کارکنوں کی سیاسی و تنظیمی تربیت کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی اپنے قیام سے اب تک ہزارہ قوم کے حقوق، جمہوریت، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے مسلسل جدوجہد کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہزارہ قوم کی بدترین نسل کشی کے دوران پارٹی نے پرامن جمہوری و آئینی احتجاج کے ذریعے قوم کی آواز بلند کی اور امن، محبت اور بھائی چارے کے سلوگن کے تحت ان سازشوں کو ناکام بنایا جن کا مقصد کوئٹہ کے شہریوں اور مختلف اقوام کے درمیان نفرتیں پیدا کرکے روایتی امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچانا تھا۔عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ عوام کے بھرپور اعتماد کی بدولت پارٹی آج کوئٹہ شہر کے تمام طبقات کی نمائندہ جماعت بن چکی ہے، جبکہ پارٹی کے سابق پارلیمانی نمائندوں نے اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کے ذریعے تمام اقوام کے دل جیتے ہیں۔انہوں نے 2024 کے انتخابات پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فارم 45 کے ذریعے ٹھیکیداروں کو کوئٹہ کے شہریوں پر مسلط کیا گیا اور ہزارہ قوم و اس کی نمائندہ سیاسی جماعت کا مینڈیٹ چوری کرکے اسے پارلیمانی نمائندگی سے محروم کیا گیا، تاہم عوام کے دلوں سے پارٹی کی مقبولیت ختم نہیں کی جاسکی۔انہوں نے کہا کہ پارٹی آج بھی اپنی بنیادی کونسلوں، مضبوط تنظیمی ڈھانچے اور عوام کے اعتماد کی بدولت پہلے سے زیادہ منظم اور مستحکم ہے۔کنونشن کے موقع پر پارٹی چیئرمین نے 17 بنیادی اور 5 حلقہ کونسلوں کے سو سے زائد عہدیداروں اور ارکان سے حلف لیا، جن میں خواتین ونگ کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ کنونشن کے پہلے سیشن میں تمام کونسلوں کے ارکان نے گروپ ورک کے ذریعے پارٹی کی فعالیت اور تنظیمی مضبوطی کے لیے تجاویز بھی مرتب کیں



