
اسلام آباد: بانی تحریک انصاف عمران خان کو آج ہی اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے، ذرائع کے مطابق ان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شفا انٹرنیشنل اسپتال کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔ اسپتال کے اطراف سڑک کنارے پارک کی گئی گاڑیوں کو لفٹرز کے ذریعے ہٹادیا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق عمران خان کے علاج کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ اسپتال پہنچنے پر ایمرجنسی میں ان کا طبی معائنہ کیا جائے گا، جبکہ 6 ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم ان کا چیک اپ کرے گی۔ طبی معائنے کے بعد عمران خان کو اسپتال میں داخل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اگر عمران خان کو اسپتال میں داخل کیا گیا تو اس حوالے سے بھی خصوصی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق سوال پر کہا کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے، یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے وہ کر رہے ہیں۔



