
نیویارک (یو این اے) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز فائنل میں اسپین نے دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو صفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر 16 برس بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، جبکہ فاتح ٹیم پر انعامی ڈالروں کی بھی بارش ہوگئی۔نیویارک میں کھیلے گئے فائنل میں مقررہ وقت کے ساتھ ساتھ اضافی وقت کے پہلے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکیں۔ تاہم اضافی وقت کے دوسرے اور فیصلہ کن ہاف کے آغاز میں اسپین کے فیرن ٹوریس نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔فیفا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ورلڈ کپ 2026 کی فاتح ٹیم اسپین کو 5 کروڑ ڈالر کی انعامی رقم دی گئی، جبکہ رنر اپ ارجنٹینا کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ملے۔ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی انگلینڈ کی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر اور چوتھے نمبر پر آنے والی فرانس کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر انعام میں دیے گئے۔اعلامیے کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026 میں مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی گئی، جو 2022 کے ورلڈ کپ کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ 2022 کے ٹورنامنٹ میں مجموعی انعامی رقم 44 کروڑ ڈالر تھی۔



