بلوچستانتازہ ترین

بلوچستان اسمبلی اجلاس

گیس بحران، بارڈر کی بندش اور امن و امان کے بڑھتے مسائل پر ایوان میں شدید بحث
کوئٹہ(یو این اے )بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر عبدالخالق اچکزئی کی صدارت میں پیر کو منعقد ہوا، جس میں صوبے کے عوام کو درپیش اہم مسائل، بشمول گیس لوڈشیڈنگ، بارڈر کی بندش، امن و امان اور اغوا برائے تاوان کے بڑھتے واقعات پر تفصیلی بحث کی گئی۔ اجلاس معمول کے مطابق 19 منٹ تاخیر سے شروع ہوا اور کارروائی کے آغاز پر مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔اجلاس میں دیوانی ضابطہ کار سے متعلق مسودہ قانون اور بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی سے متعلق مسودہ قانون بھی پیش کیا گیا، جنہیں مزید تفصیلی جائزے کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے صوبے میں فنی اور تکنیکی تعلیم کے فروغ کو ترقی کی بنیاد قرار دیا اور اس حوالے سے حکومت پر موثر اقدامات کا دبا ڈالا۔اجلاس میں ماہِ رمضان میں گیس لوڈشیڈنگ کا معاملہ بھی شدید بحث کا موضوع رہا۔ رکن اسمبلی عبدالمجید بادینی نے کہا کہ جعفرآباد سمیت مختلف علاقوں میں سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی عدم دستیابی شہریوں کی زندگی کو شدید متاثر کر رہی ہے۔ ارکان نے سوئی گیس حکام کو طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسپیکر نے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ حکام کو طلب کیا جائے گا، جبکہ صوبائی وزیر سلیم کھوسہ نے کہا کہ متعدد بار حکام کو طلب کیا گیا ہے، تاہم مسئلہ مستقل حل نہیں ہو رہا۔امن و امان کے امور پر بھی ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا۔ رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے مغربی بائی پاس پر پولیس کی کارروائی کو سراہا، تاہم پنجگور اور تربت میں اغوا برائے تاوان کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بعض علاقوں میں یہ مسئلہ کاروبار کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے کہا کہ حکومت امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے متحرک ہیں۔اجلاس میں بارڈر کی طویل بندش اور شہریوں کے تحفظ کے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ رکن اسمبلی زاہد علی ریکی نے وفاقی حکومت سے وضاحت طلب کی اور عوام کے لیے فوری ریلیف کا مطالبہ کیا، جبکہ اصغر علی رند نے تربت میں ایک مغوی نوجوان کی بازیابی کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ شہریوں کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔کارروائی کے اختتام پر اسپیکر عبدالخالق اچکزئی نے اجلاس کو 25 فروری تک ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔ ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے قانون سازی، حکومتی نگرانی اور بروقت اقدامات کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button