
منتخب کھلاڑیوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والے عناصر کے خلاف انضباطی کارروائی اور تاحیات پابندی کی سفارش کردی،ثمینہ ممتاز زہری
کوئٹہ(یو این اے )چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے 35 ویں نیشنل گیمز میں بلوچستان آرچری ٹیم کے ساتھ ناروا سلوک اور اقرباپروری پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل میں سیاست اور ذاتی مفادات کھیل کی اصل روح کو تباہ کر دیتے ہیں اور اس واقعہ کی شدید مذمت کی۔سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے بلوچستان کے منتخب کھلاڑیوں، خاص طور پر لڑکیوں کی ٹیم کو شاباش دی کہ انہوں نے اپنے حق کے لیے کھڑے ہو کر ناانصافی کے سامنے ڈٹ کر مظبوط موقف اختیار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ معاملہ سینٹ میں اٹھایا جائے گا اور متعلقہ حکام کے سامنے بھی رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث بلوچستان آرچری ایسوسی ایشن کے عناصر کے خلاف انضباطی کارروائی کرتے ہوئے انہیں برسوں سے مسلط اہم عہدوں سے برخاست اور تاحیات پابندی لگانے کی سفارش کی جائے گی تاکہ کھیل کی اصل روح برقرار رہے۔سینیٹر نے مزید کہا کہ سوشل میڈیا کے دور میں زیادتی کرنے والے چہروں کو بے نقاب کرنا ممکن ہے اور بلوچستان کی منتخب آرچری ٹیم کی ہمت دوسرے کھیلوں میں بھی مثبت اثرات ڈالے گی۔ انہوں نے متاثرہ کھلاڑیوں کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ جب بھی کوئٹہ آئیں گی، اپنی بہادر بیٹیوں سے ملاقات کریں گی جو ظلم و زیادتی کے خلاف کھڑے ہوئے۔



