
وفاقی حکومت نے بلوچستان میں 8.46ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی
کوئٹہ شہر میں نیشنل لیگونچ لیبارٹری کا منصوبہ اور کوئٹہ شہر میں سیوریج کے تین منصوبوں کی منظوری دے دی گئی
کوئٹہ(یو این اے )وفاقی حکومت نے بلوچستان میں 8.46ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دیدی ان منصوبوں میں کوئٹہ شہر میں3دانش سکول سمیت صوبے کے مختلف 10اضلاع میں دانش سکول ،کوئٹہ شہر میں نیشنل لیگونچ لیبارٹری کا منصوبہ اور کوئٹہ شہر میں سیوریج کے تین منصوبوں کی منظوری شامل ہیں۔
گزشتہ روزوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کی زیر صدارت اجلاس میں 227 ارب کے 6ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جس میں 8.46ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے بلوچستان میں ہونگے ،بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 1.61 روپے کی مالیت کی لاگت سے دانش سکول کا قیام، 0.78 ارب روپے کی لاگت کا نیشنل لیگونچ لیبارٹری کا منصوبہ اور 6.07 ارب روپے مالیت کے تین سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تعمیر کا منصوبہ شامل ہیں۔فورم نے 1.61 ارب روپے کی لاگت سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں دانش سکول کے قیام کی منظوری بھی دی ہے۔
حکومت بلوچستان اس منصوبے کی سرپرستی کرنے والی ایجنسی ہے۔ رواں سال جنوری میں وزیر اعظم شہباز شریف نے جیا خان میں ماڈل سکول کی افتتاحی تقریب کے دوران ضلع جیا خان صحبت پور اور بلوچستان کے بارہ دیگر اضلاع میں دانش سکول قائم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ منصوبے کی لاگت وفاقی اور صوبائی حکومت بلوچستان ادا کرے گی، اس سکول کے قیام سے علاقے کے مکینوں کو معیاری تعلیم حاصل کرنے کا موقع ملے گا تاکہ وہ اعلی تعلیم کے لئے ملک کے دیگر حصوں کے طلبہ کا مقابلہ کرسکیں۔



