بلوچستانتازہ ترینپاکستان

چمن میں پولیو ورکرز کیساتھ ڈیوٹی پر مامور لیویز سپاہی حبیب الرحمن پر قاتلانہ حملہ اور ان کے المناک شہادت کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہیں

کوئٹہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی پریس ریلیز میں چمن میں پولیو ورکرز کیساتھ ڈیوٹی پر مامور لیویز سپاہی حبیب الرحمن پر قاتلانہ حملہ اور ان کے المناک شہادت کے واقعہ کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردی کے واقعات کا تسلسل قرار دیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ چند روز پہلے لورالائی شہر کے نزدیک معصوم طالب علم اسرار خان اتمانخیل کی شہادت اور تین معصوم طلباء کو زخمی کرنے ، پشین میں پولیس سپاہی محمد ہاشم کاکڑ کی المناک شہادت اور گزشتہ روز چمن میں لیویز سپاہی کی المناک شہادت سمیت ایسے واقعات کا مسلسل رونماء ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام دشمن عناصر ہر علاقے میں اپنی موجودگی کو ثابت کرتا ہے اورہر علاقے کے عوام میں خوف وہراس مسلط کرنے ، بدامنی ولاقانونیت کے ذریعے انارکی پیداکرنے اور بالخصوص پولیوورکرز کی سیکورٹی پر مامور پولیس ولیویز فورس کے سپاہیوں پر قاتلانہ حملے یہ بھی ثابت کرتاہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ان عوام دشمن عناصر کیخلاف بروقت کارروائی کرنے اور انہیں گرفتار کرنے میں ماضی کی طرح اب بھی ناکام ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ماضی میں بھی مختلف اضلاع میں دہشتگردی پر مبنی المناک واقعات میں پولیس و لیویز فورسز کے آفیسروں ، سپاہیوں پر حملے ان کی شہادت سمیت مختلف واقعات رونماء ہوئے جبکہ آج تک کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ان عوام دشمن اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ملزموں کی مسلسل عدم گرفتاری حکومت اور ان کے اداروں کے طرز عمل ، حکمت عملی اور کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اس مبہم صورتحال میں صوبے کے غیور عوام کو یہ بات سوچنے پر مجبور کررہی ہے کہ دہشتگردی کے واقعات رونماء ہونے کے باوجود اس میں ملوث ملزموں کی عدم گرفتاری کیوں عمل میںنہیں آتی اورخدانخواستہ ہمارے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یہ صلاحیت کیونکر کمزور ہو کر رہ گئی کہ وہ اصل ملزموں کی گرفتاری میں مسلسل ناکامی سے دوچار ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت اس میں شامل پارٹیاں اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے عوام کے سرومال کے بلاامتیاز تحفظ کے ذمہ دار ہیں اور امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے صوبائی بجٹ کے غیر ترقیاتی مد میں (یعنی اربوں روپے ) کا سب سے بڑا حصہ امن وامان کی صورتحال کنٹرول اور برقرار رکھنے کیلئے خرچ کیا جارہا ہے لیکن اس کے باوجود ایسے المناک واقعات کا رونماء ہونا ان کی ناکامی کو آشکارہ کرتا ہے جوکہ قابل گرفت ،ناقابل برداشت اور ہر سطح پر قابل مذمت ہے ۔ بیان میں صوبائی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں پولیوورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے ان کے ساتھ سیکورٹی پر مامور سپاہیوںمیں ہنگامی بنیادوں پر اضافہ کرنے کیساتھ ساتھ ان عوام دشمن انسانیت دشمن واقعات میں ملوث ملزموں کی گرفتاری کیلئے بہترین حکمت عملی اور تدابیر اختیار کرتے ہوئے ان کے خلاف فوری کارروائی صوبے کے تمام عوام کا مطالبہ ہے اور صوبائی حکومت اور اس میں شامل پارٹیوں پر یہ ذمہ دارتی عائد ہوتی ہے کہ وہ بدامنی ولاقانونیت کے مسلسل واقعات کی روک تھام سمیت ہر علاقے میں امن وامان کی صورتحال کا ہنگامی بنیادوں پر از سر نو جائزہ لیکر تمام عوام کی بلاتمیز سرومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں جبکہ ان انسانیت دشمن ،سفاکانہ واقعات میں ملوث ملزموں کی گرفتاری اور انہیں قرار واقعی سزا دینے تک صوبے کے تمام عوام کو صوبائی حکومت اوران میں شامل پارٹیوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان موجود رہیگا ۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button