تازہ تریندنیا

دنیا میں پہلی بار مسلسل 6 روز تک اوسط درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا

23 نومبر کو عالمی درجہ حرارت میں 2.24 ڈگری اضافہ، نیا ریکارڈ قائم

دنیا میں پہلی بار مسلسل 6 روز تک اوسط درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا
دنیا میں پہلی بار مسلسل 6 روز تک اوسط درجہ حرارت 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرگیا

دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات شدت اختیار کرنے لگے ہیں۔ تاریخ میں پہلی بار مسلسل 6 روز تک عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔

18 سے 23 نومبر کے دوران درجہ حرارت میں یہ غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا، جسے ماہرین نے عالمی سطح پر خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔

یورپی موسمیاتی ادارے کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس کے مطابق 23 نومبر کو عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی عہد سے قبل کے مقابلے میں 2.24 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جو کسی ایک دن کا نیا ریکارڈ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس اضافے کی بڑی وجوہات میں فوسل فیول کا مسلسل استعمال اور غیر معمولی طور پر مضبوط ایل نینو شامل ہیں۔

ایل نینو ایک موسمیاتی رجحان ہے جس کے دوران بحرالکاہل کے پانی کا بڑا حصہ معمول سے زیادہ گرم ہوجاتا ہے، جس سے عالمی درجہ حرارت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ 2015 کے پیرس معاہدے میں عالمی درجہ حرارت میں اضافے کو صنعتی عہد سے قبل کی سطح کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم اس ہدف کی خلاف ورزی کا تعین ایک یا چند دنوں کے درجہ حرارت سے نہیں بلکہ طویل المدتی اوسط، عموماً کئی دہائیوں کے رجحان سے کیا جاتا ہے۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر روایتی ایندھن کے استعمال میں کمی نہ لائی گئی تو مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات مزید سنگین ہوسکتے ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button