
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نہیں بلکہ صرف بانی پی ٹی آئی عمران خان چھوٹے صوبوں کے حامی ہیں۔
علی محمد خان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اس معاملے پر نظام کے ساتھ کھڑے ہوگئے تو ریفرنڈم کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نظام کو براہِ راست بانی پی ٹی آئی سے بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ باتیں تو اچھی کررہے ہیں، لیکن جس ظلم کی جانب اشارہ کررہے ہیں، اس سے متعلق گورنر راج پیپلز پارٹی نے ہی نافذ کیا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بلاول بھٹو کو اپنی سیاست بچانے کے لیے اب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہونے والا ظلم نظر آرہا ہے، قوم ایسی ڈرامے بازیوں کے لیے تیار نہیں۔
علی محمد خان نے مزید کہا کہ اگر بلاول بھٹو اپنی باتوں پر یقین رکھتے ہیں تو اپنے گورنر سے کہیں کہ وہ پیچھے ہٹ جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول کا وولٹیج پہلے ہی 440 سے کم ہوکر 140 پر آگیا ہے۔



