
محکمہ موسمیات نے سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں آئندہ تین ماہ کے دوران خشک سالی کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جولائی سے نومبر تک سندھ اور بلوچستان میں مسلسل معمول سے کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں، جس کے باعث خشک سالی کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سندھ میں ستمبر کے دوران معمول سے 90 فیصد، اکتوبر میں 100 فیصد جبکہ یکم سے 20 نومبر تک 99 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔
اسی طرح بلوچستان میں اکتوبر کے دوران معمول سے 80 فیصد اور نومبر کے پہلے 20 دنوں میں 79 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔
محکمہ موسمیات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ دسمبر سے فروری تک سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں معمول سے کم بارشیں ہوسکتی ہیں۔
بارشوں میں کمی کے باعث گندم سمیت ربیع کی فصلیں متاثر ہونے، زمین میں نمی کم ہونے اور زیرِ زمین پانی کے ذخائر پر دباؤ بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارانی علاقوں میں کاشتکاروں اور مویشی پالنے والے خاندانوں کو زیادہ خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، جبکہ صوبائی حکومتوں کو متاثرہ علاقوں اور آبادیوں کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ خشک سالی کا الرٹ صرف احتیاطی تدبیر ہے، فی الحال ہنگامی صورتحال کا اعلان نہیں کیا گیا۔ خشک سالی کی صورتحال کا اگلا جائزہ 5 دسمبر کو جاری کیا جائے گا۔



