
لاہور کے ملتان روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی کی رکشے کو ٹکر کے نتیجے میں 5 سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کے مطابق حادثہ ملتان روڈ پر سندر اڈے کے قریب پیش آیا، جہاں ایک خاندان فیملی لوڈر رکشے میں سوار تھا کہ پیچھے سے آنے والی ٹریکٹر ٹرالی نے ٹکر مار دی۔
حادثے کے نتیجے میں 5 سالہ ایمان فاطمہ رکشے سے اچھل کر سڑک پر گر گئی اور ٹریکٹر کے نیچے آکر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ شادی کی تقریب سے واپس منڈی احمد آباد جارہی تھی۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹریکٹر ٹرالی کے ڈرائیور صابر کو گرفتار کرلیا جبکہ گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔



