
پشاور کے علاقے حیات آباد میں نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد کے قتل کیس میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، پولیس نے فرار ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کروا دیے ہیں۔
پولیس کے مطابق نامزد ملزمان کے شناختی کارڈز بھی بلاک کردیے گئے ہیں، جبکہ نادرا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ملزمان کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد سمیع کا کہنا ہے کہ شوٹرز نے فہد کا یونیورسٹی ٹاؤن سے نادرا آفس حیات آباد تک مسلسل پیچھا کیا اور واردات سے قبل جائے وقوعہ کی کئی مرتبہ ریکی کی۔
پولیس نے سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزمان کے راستوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی ہیں۔ واردات کے بعد ملزمان سدرن روڈ کے راستے فرار ہوئے۔
ایس ایس پی کے مطابق مرکزی ملزم نے اپنے ساتھی کو موٹر سائیکل پر سوار کرکے مقتول کی گاڑی کا تعاقب کیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول اپنی حفاظت کے لیے بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتے تھے، تاہم 6 نومبر کو حیات آباد میں نادرا دفتر کے باہر انہیں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی ممکنہ وجہ ذاتی دشمنی ہے، تمام شواہد جمع کرلیے گئے ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔



