
یورپی ملک بوسنیا میں ایک ایسا منفرد گھر موجود ہے جو 360 ڈگری تک گھوم سکتا ہے۔ بوسنیا کے علاقے سرباتس میں واقع یہ گھر 2021 میں تعمیر کیا گیا تھا، جسے ووجن کیوسک نامی شخص نے اپنی اہلیہ کی خواہش پوری کرنے کے لیے بنایا تھا۔
ووجن کیوسک نے اس وقت 72 سال کی عمر میں اپنی مدد آپ کے تحت چھ سال کی محنت سے یہ گھر تعمیر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ گھر اس مقصد کے لیے بنایا تاکہ ان کی اہلیہ کھڑکی سے باہر نظر آنے والے مناظر کو اپنی مرضی کے مطابق تبدیل کرسکیں۔
رپورٹ کے مطابق ووجن کیوسک نے شادی کے بعد اپنا پہلا گھر خود تعمیر کیا تھا، جس میں سونے کے کمروں کا رخ سورج کی جانب رکھا گیا تھا۔ تاہم اس ترتیب کے باعث گھر کے بیٹھک کا رخ سڑک کی طرف نہیں تھا، جس پر ان کی اہلیہ اکثر شکایت کرتی تھیں کہ وہ مہمانوں کو گھر کی جانب آتے ہوئے نہیں دیکھ سکتیں۔
اہلیہ کی اسی شکایت کو دور کرنے کے لیے انہوں نے ایسا گھر تعمیر کیا جو اپنی جگہ پر 360 ڈگری گھوم سکتا ہے اور جس کے ذریعے گھر کے اندر بیٹھ کر باہر کے مختلف مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔



