
کوئٹہ: بلوچستان ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف سرکاری اپیل منظور کرتے ہوئے 4 ستمبر 2020 کو سنایا گیا بریت کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور انہیں ٹریفک سب انسپکٹر حاجی عطااللہ کی ہلاکت کے مقدمے میں 10 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی۔عدالت نے عبدالمجید اچکزئی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت مجرم قرار دیتے ہوئے مقتول کے قانونی ورثا کو دیت کی رقم ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔بلوچستان ہائی کورٹ نے عبدالمجید اچکزئی کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ زیر ضمانت مجرم کو فوری گرفتار کرکے سزا بھگتنے کے لیے جیل بھیجا جائے۔یہ فیصلہ جسٹس محمد عامر نواز رانا اور جسٹس عبدالقیوم لہڑی پر مشتمل بلوچستان ہائی کورٹ کے ڈویژنل بینچ نے سنایا۔



