
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے ملک میں بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی تنا مزید نہیں بڑھنا چاہیے اور اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوگئی ہے، جس کے دوران انہیں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور مقدمات سے متعلق کچھ ہدایات بھی موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں، جس پر پوری قوم کو تشویش ہے۔ ان کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور اسپتال منتقلی سمیت علاج سے متعلق فوری فیصلہ کیا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی، کارکنوں اور پارٹی سپورٹرز کو اٹھانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی فوری رہا کیا جائے۔بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ سے 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد یقینی بنانے کی درخواست بھی کی اور کہا کہ ملک میں سیاسی معاملات کو مزید کشیدہ کرنے کے بجائے انہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔



