
پنجگور (یو این اے) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی واجہ پھلین بلوچ کی کوششوں سے پنجگور اور ضلع کیچ کے مختلف علاقوں میں پانچ نئے نادرا رجسٹریشن مراکز کے قیام کی تجاویز کو قابلِ عمل قرار دے دیا گیا ہے۔ نادرا نے ان مراکز کو مالی سال 2026-27 کے سالانہ منصوبے میں شامل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے رکن قومی اسمبلی واجہ پھلین بلوچ کے نام مراسلے میں آگاہ کیا ہے کہ ان کی تجویز پر ضلع کیچ اور پنجگور کے پانچ مقامات، آبسر، شاہی تمپ، کلگ، وشبود اور عیسئی میں نادرا رجسٹریشن مراکز کے قیام کو قابلِ عمل قرار دیتے ہوئے انہیں آئندہ مالی سال کے منصوبے میں شامل کرلیا گیا ہے۔مراسلے کے مطابق ان مراکز کے قیام اور انہیں فعال بنانے کا عمل متعلقہ مقامات پر عمارتوں کی بروقت دستیابی سے مشروط ہوگا۔ چیئرمین نادرا نے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مراکز کے قیام اور انہیں جلد فعال بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ان مراکز کے قیام سے پنجگور اور کیچ کے متعلقہ علاقوں کے شہریوں کو شناختی کارڈ اور دیگر رجسٹریشن خدمات اپنے علاقوں کے قریب حاصل کرنے میں سہولت ملنے کی توقع ہے، جس سے انہیں ان خدمات کے حصول کے لیے دور دراز علاقوں کا سفر بھی کم کرنا پڑے گا۔واجہ پھلین بلوچ نے چیئرمین نادرا کے مراسلے کی نقل ضلع کونسل پنجگور کے چیئرمین عبدالمالک صالح کے حوالے کی، جنہوں نے اس پیش رفت پر واجہ پھلین بلوچ کا شکریہ ادا کیا۔



