
گوادر (یو این اے) گوادر کے ساحلی علاقے پیشکان اور گنز کے درمیان سمندر میں ماہی گیری کی کشتی ڈوبنے سے ناخدا جاں بحق جبکہ چھ ماہی گیر لاپتہ ہوگئے۔ لاپتہ افراد میں سے تین کا تعلق صوبہ سندھ سے بتایا جاتا ہے۔آمدہ اطلاعات کے مطابق کشتی مچھلیاں پکڑنے کے لیے پیشکان اور گنز کے درمیان سمندری علاقے میں موجود تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔ کشتی میں سوار سات ماہی گیر سمندر میں ڈوب گئے، جن میں سے ناخدا لعل محمد بلوچ کی لاش برآمد کرلی گئی ہے، جبکہ دیگر چھ ماہی گیروں کی تلاش جاری ہے۔مقامی ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع کے باوجود سرکاری ریسکیو ٹیم تاحال جائے وقوعہ پر نہیں پہنچی، جس کے باعث مقامی ماہی گیروں نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ ماہی گیر اپنی کشتیوں کے ذریعے سمندر میں لاپتہ ساتھیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔حادثے کے بعد لاپتہ ماہی گیروں کے اہل خانہ اور مقامی آبادی میں تشویش پائی جاتی ہے۔ مقامی ماہی گیر اپنی سطح پر تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے فوری ریسکیو کارروائیوں کی ضرورت ہے۔



