
کوئٹہ(یو این اے )پاکستان پیپلز پارٹی کے زیرِ اہتمام کوئٹہ میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے نفاذ کی حمایت میں ریلی نکالی گئی اور یومِ نجات منایا گیا۔ ریلی میں شریک پارٹی کارکنوں نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور ڈھول کی تھاپ پر جشن منایا۔اس موقع پر صوبائی وزیر علی مدد جتک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نزدیک پاکستان تحریک انصاف کی سیاست ملک کے لیے نقصان دہ ثابت ہو رہی ہے اور خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے قیام سے صوبے کے عوام کو اس صورتِ حال سے نجات ملے گی۔علی مدد جتک نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی پاکستان کو معاشی طور پر غیر مستحکم کرنا چاہتی ہے، جبکہ اس کی سیاسی سرگرمیوں سے ملکی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں اور ہماری سیاست بھی پاکستان ہی سے وابستہ ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کے استحکام، معاشی ترقی اور عوام کی بہتری کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ ریلی کے شرکا نے پاکستانی پرچم لہرا کر اپنے سیاسی مقف کا اظہار کیا اور گورنر راج کے قیام کی حمایت میں نعرے لگائے۔



