
کوئٹہ(یو این اے )عوامی نیشنل پارٹی نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ پارٹی کے صوبائی بیان میں کہا گیا ہے کہ منتخب حکومت کو ختم کرکے گورنر راج نافذ کرنا نہ ماضی میں مسائل کا حل ثابت ہوا اور نہ ہی اب اس سے مثبت نتائج برآمد ہونے کی توقع ہے۔بیان میں کہا گیا کہ حکومتوں کی کارکردگی کا فیصلہ عوامی رائے اور جمہوری عمل کے ذریعے ہونا چاہیے۔ اگر کوئی حکومت عوامی توقعات پر پورا اترنے اور اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہتی ہے تو عوام کو انتخابات کے ذریعے اس کا احتساب کرنے کا اختیار حاصل ہے۔عوامی نیشنل پارٹی کے مطابق جمہوری نظام میں عوامی مینڈیٹ کا احترام، آئینی بالادستی اور منتخب اداروں کا تسلسل بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ حکومتوں کی تبدیلی کے لیے غیر جمہوری طریقے اختیار کرنے کے بجائے آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی عمل کو آگے بڑھانا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ گورنر راج اور ایمرجنسی جیسے اقدامات سیاسی مسائل حل کرنے کے بجائے جمہوری اداروں کو کمزور اور سیاسی بے یقینی میں اضافہ کر سکتے ہیں۔بیان میں تاریخی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ قیامِ پاکستان کے ابتدائی دور میں بھی صوبہ سرحد، جسے آج خیبرپختونخوا کہا جاتا ہے، میں خدائی خدمت گاروں کی دو تہائی اکثریت والی حکومت کو غیر آئینی طریقے سے ختم کیا گیا تھا۔ اے این پی نے اس واقعے کو صوبے میں جمہوری عمل کے خلاف ہونے والی تاریخی ناانصافیوں کی مثال قرار دیا اور کہا کہ غیر جمہوری اقدامات کے تسلسل نے جمہوری اداروں کو مستحکم ہونے کے مواقع نہیں دیے۔پارٹی نے مزید کہا کہ ملک میں جمہوریت کو حقیقی معنوں میں پنپنے نہیں دیا جا رہا اور غیر سیاسی کرداروں کو اختیارات دے کر سیاسی قوتوں اور منتخب نمائندوں کو محدود کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اس طرزِ عمل سے جمہوری اقدار، آئینی نظام اور عوامی مینڈیٹ متاثر ہوتے ہیں۔عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے مقف کا اعادہ کیا کہ ملک میں سیاسی استحکام کا راستہ جمہوریت کے تسلسل، آئین کی بالادستی، پارلیمان کی خودمختاری اور عوامی رائے کے احترام سے ہو کر گزرتا ہے۔ پارٹی کے مطابق سیاسی مسائل کا حل طاقت کے استعمال یا غیر جمہوری اقدامات کے بجائے سیاسی مکالمے، جمہوری رواداری اور آئینی طریقہ کار میں مضمر ہے۔



