
راولپنڈی(یو این اے) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں انٹیلی جنس بنیاد پر متعدد کارروائیوں کے دوران 36 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں میں ہندوستانی پراکسیز، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق 4 ستمبر کو مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مثر کارروائی کرتے ہوئے 6 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات موقع پر ہی تباہ کر دیے گئے۔ترجمان کے مطابق ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھی ایک انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا اور کارروائی کے نتیجے میں 26 خوارج ہلاک ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے پر کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جبکہ ضلع سبی کے علاقے بھاگ میں سیکیورٹی فورسز نے مثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مزید 2 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں بھارتی پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 48 دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ سال 2026 کے دوران بلوچستان میں مختلف انسداد دہشت گردی کارروائیوں کے دوران اب تک 1188 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے جاچکے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عزمِ استحکام کے وژن کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔



