
کوئٹہ (یو این اے) سکیورٹی خدشات کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی سروس 25 اور 26 اگست کو بھی معطل رہے گی، جس کے باعث بلوچستان سے پشاور، پنجاب اور ملک کے دیگر شہروں کا سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر جعفر ایکسپریس 25 اور 26 اگست کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی۔ ان تاریخوں کے لیے بکنگ کرانے والے متاثرہ مسافروں کو ٹکٹوں کی رقم واپس کی جا رہی ہے، جبکہ انہیں سفر ملتوی کرنے یا متبادل ذرائع آمدورفت اختیار کرنے پڑ رہے ہیں۔دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد میں ہی منسوخ کیے جانے کے باعث ٹرین میں سوار مسافروں کو دورانِ سفر شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ مسافروں کے مطابق انہیں اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس بلوچستان کو پنجاب، خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر علاقوں سے ملانے والا اہم ذریعہ آمدورفت ہے، اس لیے سکیورٹی خدشات کے باعث بار بار ٹرین سروس معطل ہونے سے شہریوں کے سفری معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں کے مطابق ٹرین کی اچانک منسوخی کے باعث علاج، تعلیم، ملازمت، کاروبار اور دیگر ضروری امور کے لیے سفر کرنے والے افراد کو اضافی مشکلات اور اخراجات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ متبادل ذرائع آمدورفت استعمال کرنے سے سفر مزید مہنگا ہو جاتا ہے۔مسافروں نے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی صورتحال بہتر بنانے کے لیے مثر اقدامات کیے جائیں تاکہ جعفر ایکسپریس سمیت بلوچستان سے چلنے والی ٹرینوں کی سروس معمول کے مطابق بحال ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر ٹرین سروس معطل کرنا ضروری ہو تو مسافروں کو بروقت اور واضح طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ وہ اپنے سفری پروگرام میں تبدیلی کر سکیں۔مسافروں نے ریلوے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ٹرینوں کی آمدورفت اور سکیورٹی صورتحال سے متعلق مسافروں کو بروقت معلومات فراہم کی جائیں اور منسوخ ہونے والی ٹرینوں کے مسافروں کو ریفنڈ کے ساتھ متبادل سفری سہولیات کے بارے میں بھی رہنمائی دی جائے۔



