
بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک منفرد شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہیں، جہاں جڑواں بھائیوں اکھیل تھامس اور نکہیل تھامس نے جڑواں بہنوں میگی میری اور ماریا میری کو اپنا شریک حیات منتخب کیا۔اس شادی کی خاص بات صرف یہ نہیں تھی کہ دلہا اور دلہن دونوں جڑواں تھے بلکہ شادی کی مذہبی رسومات بھی جڑواں پادریوں انٹو اور اجو پیزھمکٹل نے ادا کیں، جبکہ جڑواں بھائی جیرون جیمز اور جوہون جیمز نے پادریوں کی معاونت کی۔دلہا بھائیوں کی عمر 32 سال جبکہ دلہنیں 31 سال کی ہیں۔ اکھیل تھامس کے مطابق یہ محض اتفاق نہیں تھا کہ شادی میں جڑواں افراد کے چار جوڑے موجود تھے، بلکہ اس منفرد شادی کے لیے کئی برس تک منصوبہ بندی اور کوشش کی گئی۔اکھیل تھامس نے بتایا کہ انہوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ جڑواں بہنوں سے شادی کریں گے، جس کے لیے خاندان نے جڑواں افراد کے رشتے کروانے والی ایک شادی سروس سے رابطہ کیا۔ تقریبا تین سال کی تلاش کے دوران وہ 40 جڑواں بہنوں کے جوڑوں سے ملے، جس کے بعد میگی اور ماریا میری کا انتخاب کیا گیا۔دوسری جانب جڑواں بہنوں کی خواہش بھی بچپن سے یہی تھی کہ وہ جڑواں بھائیوں سے شادی کریں۔ میگی میری نے بتایا کہ انہوں نے بچپن ہی میں فیصلہ کرلیا تھا کہ شادی کریں گی تو صرف جڑواں بھائیوں سے کریں گی۔ماریا میری کے مطابق جب ان کی ملاقات اکھیل اور نکہیل سے ہوئی تو انہیں دونوں فوری طور پر پسند آگئے اور انہوں نے انہیں اپنا شریک حیات بنانے کا فیصلہ کرلیا۔دونوں بہنوں نے شادی کی رسومات بھی جڑواں بھائیوں سے ادا کرانے کی خواہش ظاہر کی۔ اکھیل کی والدہ کی چند ماہ قبل جڑواں پادریوں انٹو اور اجو سے ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں شادی کی تقریب میں مدعو کیا گیا۔کیرالہ میں ہونے والی یہ منفرد شادی اگست کے آغاز میں ہوئی، تاہم تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔



