

کوئٹہ (یو این اے)سینیٹر دنیش کمار نے سبی کی رہائشی 14 سالہ بندیا کماری کی جلد اور بحفاظت بازیابی کے لیے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، آئی جی پولیس بلوچستان طاہر خان اور ڈی آئی جی سبی پرویز عمرانی سے رابطہ کیا اور معاملے پر فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔سینیٹر دنیش کمار نے متعلقہ حکام کی توجہ بندیا کماری کی بازیابی کی جانب مبذول کراتے ہوئے زور دیا کہ کم عمر بچی کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔رابطے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان طاہر خان نے سینیٹر دنیش کمار کو بندیا کماری کی جلد از جلد بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔مزید برآں، سینیٹر دنیش کمار نے اس معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی رابطہ کیا اور بندیا کماری کی بازیابی کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے مثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔



