
کوئٹہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں چمن اور پشین میں پولیوورکرز پر حملوں او رسیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بدامنی کے پے درپے واقعات انتہائی قابل تشویش ہیں ، اے این پی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہاگیا ہے کہ گزشتہ روز پشین میں پولیو رضاکاروںکی سیکورٹی پر مامور اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کیاگیا اس کے بعد جمعرات کو چمن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے دونوں واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ بیان میں کہاگیا ہے بدامنی کے واقعات حکومت اور متعلقہ اداروں کے لئے لمحہ فکریہ ہیں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع باعث تشویش ہے ۔بیان میں شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے شہداکے درجات کی بلندی کی دعا کی گئی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چمن او رپشین واقعات کی تحقیقات کرکے ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے اور پولیو مہمات کے دوران سیکورٹی کے مزید فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں ۔



