
کراچی میں گزشتہ اتوار 22 نومبر کو نئے صوبوں کے قیام کی تجویز کے خلاف ’وحدتِ سندھ مارچ‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکا نے نعروں اور پلے کارڈز کے ذریعے سندھ کی جغرافیائی وحدت برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔
مارچ کے دوران ’پنجاب تم سے جھگڑا ہے، سندھ کی خاطر جھگڑا ہے‘ کا نعرہ بھی بلند ہوتا رہا۔ مظاہرین کا مؤقف تھا کہ سندھ کی وحدت صرف انتظامی معاملہ نہیں بلکہ اس کا تعلق تاریخ، شناخت، سیاسی حقوق اور اجتماعی وجود سے بھی ہے۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کی بحث دوبارہ زور پکڑ رہی ہے۔ حکومتی حلقے نئے صوبوں کی ضرورت پر بات کر رہے ہیں، جبکہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اس معاملے کو انتظامی اصلاحات سے جوڑ رہی ہے۔
دوسری جانب سندھ کی قوم پرست جماعتیں نئے صوبوں کی تجویز کو صوبے کی وحدت کے لیے خطرہ قرار دے رہی ہیں۔ جئے سندھ تحریک، عوامی تحریک، جمعیت علمائے اسلام اور ادیبوں کی تنظیموں سمیت مختلف حلقوں کی جانب سے سندھ کے کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا ہے۔
سندھ کی قوم پرست جماعتیں مالی، انتظامی اور سیاسی اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنے کی حامی ہیں، تاہم صوبے کی تقسیم کو ناقابل قبول قرار دیتی ہیں۔
سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی، سیاسی اور انتظامی بحران کا سامنا ہے، لیکن اس کا حل قومی وحدتوں کی حدود میں ردوبدل کرکے چھوٹی چھوٹی ریاستیں بنانا نہیں ہے۔



