
سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کرتے ہوئے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 سے 23 نومبر کے دوران نوشکی، سبی، پنجگور اور کیچ میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کی گئیں، جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 12 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 20 نومبر کو نوشکی میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
21 نومبر کو سبی میں کارروائی کے دوران دہشتگردوں کی نقل و حرکت روک دی گئی اور 2 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔
اسی طرح 22 اور 23 نومبر کو پنجگور اور کیچ میں کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے تباہ کیے گئے اور مزید 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔



