
صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کو سب سے زیادہ نقصان قوم پرست جماعتوں کی سیاست سے پہنچا ہے، جنہوں نے روزِ اول سے نفرت اور انتشار کو فروغ دے کر نوجوانوں کے ذہنوں میں تقسیم کا بیانیہ پیدا کیا اور پنجاب مخالف سیاست کے ذریعے بلوچ اور پشتون اقوام کو ایک دوسرے سے دور کرنے کی کوشش کی۔خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختر مینگل اور محمود خان اچکزئی ماضی میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے رہے ہیں۔ اختر مینگل بلوچ اور پشتون اقوام کو تقسیم کرنے کی بات کرتے تھے، جبکہ محمود خان اچکزئی بلوچ اور پنجابی عوام کے درمیان نفرت کو ہوا دیتے اور بلوچستان کو پشتونستان بنانے کے دعوے کرتے رہے ہیں۔ آج وہی رہنما پنجاب میں بیٹھ کر حکومت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ پارلیمان سے باہر جذباتی نعروں کے ذریعے نفرت پھیلانے والے بعض سیاسی رہنما پارلیمان کے اندر مختلف مقف اختیار کر لیتے ہیں۔ بلوچستان عوامی پارٹی تمام اقوام کا ایسا گلدستہ ہے جو نفرت اور قوم پرستی کی سوچ سے پاک ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں تقریبا 50 فیصد ایسے ارکان منتخب ہو کر آئے ہیں جن کے خاندان نسل در نسل انتخابات میں کامیاب ہوتے رہے ہیں، جبکہ ہر انتخابات کے بعد انتخابی شفافیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔



