
اسلام آباد: پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران مختلف اداروں کے ڈیوائسز اور ویب پر مبنی نظاموں پر تقریباً 94 لاکھ سائبر حملوں کا انکشاف ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نومبر 2025 سے اکتوبر 2026 تک پاکستان میں کاسپرسکی کے 24 فیصد صارفین کو ڈیوائسز پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان خطرات میں یو ایس بی، سی ڈیز اور دیگر ذرائع سے پھیلنے والے وائرس اور نقصان دہ سافٹ ویئر شامل ہیں۔
اسی عرصے کے دوران 15 فیصد صارفین کو ویب پر مبنی سائبر خطرات کا سامنا کرنا پڑا، جن میں جعلی ویب سائٹس، فشنگ پیغامات اور صارفین کا ڈیٹا چرانے کی کوششیں شامل ہیں۔
کاسپرسکی کے مطابق اس عرصے میں پاکستان میں ڈیوائسز پر مبنی 63 لاکھ سے زائد جبکہ ویب پر مبنی 31 لاکھ سے زیادہ سائبر حملوں کا پتا لگایا گیا، یوں حملوں کی مجموعی تعداد تقریباً 94 لاکھ ہوگئی۔
اسلام آباد میں سائبر تھریٹ انٹیلی جنس سمٹ 2026 کے موقع پر کاسپرسکی کی گلوبل ریسرچ اینڈ اینالسس ٹیم کے سینئر سکیورٹی محقق یوسف عبدالمنعم نے پاکستانی اداروں کو درپیش سائبر خطرات پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سرکاری اور نجی اداروں کو سپلائی چین حملوں اور مصنوعی ذہانت سے متعلق سائبر خطرات سے محفوظ رہنے کی ضرورت ہے۔
یوسف عبدالمنعم کے مطابق حالیہ سیاسی اور جغرافیائی کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کو فارسی زبان بولنے والے ہیکٹیوسٹ گروپس کی جانب سے بھی مخصوص سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا، جن کا بنیادی ہدف سرکاری ادارے اور بحری شعبہ تھے۔



