
وزیر دفاع خواجہ آصف نے بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا آپ کے ہاتھ صاف ہیں اور کیا آپ کو لیکچر دینے یا دھمکی دینے کا حق حاصل ہے؟
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بلاول بھٹو نے سسٹم ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے، لیکن کوئی بھی نظام اس وقت تک ری سیٹ نہیں ہوسکتا جب تک اسے عوامی تائید حاصل نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دانوں کا احتساب کوئی نئی بات نہیں اور کوئی بھی سیاست دان احتساب سے بالاتر نہیں ہے۔ سسٹم ری سیٹ کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے، تاہم عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کی اصل طاقت عوامی رائے ہے، اس لیے عوامی استصوابِ رائے اور پارلیمنٹ میں بحث دونوں کا راستہ کھلا رہنا چاہیے۔
وزیر دفاع نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، کراچی کی حالت پر بھی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے 2022 سے حکومتی شراکت دار ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ حکومتی کارکردگی کا فائدہ کس کو اور نقصان کس کو ہوا؟
انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانی میں عوام کی شراکت کو حقیقت بنانا ہوگا، حکمرانوں کی طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں۔ 25 کروڑ عوام کو اپنی رائے دینے اور حکمرانی میں حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔



