
دنیا کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک نے صارفین کے لیے ایک ایسا کارآمد فیچر فراہم کر رکھا ہے جس کی مدد سے برسوں پرانی پوسٹس کو ایک ایک کرکے ڈیلیٹ کرنے کی ضرورت نہیں رہتی۔
فیس بک کا منیج ایکٹیویٹی (Manage Activity) نامی فیچر صارفین کو بیک وقت متعدد پوسٹس ڈیلیٹ کرنے یا آرکائیو میں منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنی پرانی پوسٹس کو تاریخ، کیٹیگری اور دیگر دستیاب آپشنز کی مدد سے باآسانی تلاش کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فیس بک کھولیں، مینیو میں جاکر سیٹنگز اینڈ پرائیویسی اور پھر ایکٹیویٹی لاگ میں جائیں۔ وہاں منیج ایکٹیویٹی کے آپشن پر کلک کریں۔
اس کے بعد اپنی پسند کی پوسٹس منتخب کرکے انہیں ڈیلیٹ یا آرکائیو کیا جاسکتا ہے۔
فیس بک کے مطابق ڈیلیٹ کی گئی پوسٹس 30 دن تک ٹریش فولڈر میں موجود رہتی ہیں، جس دوران انہیں دوبارہ بحال یا مستقل طور پر ڈیلیٹ کیا جاسکتا ہے۔ 30 دن مکمل ہونے کے بعد یہ پوسٹس خودکار طور پر مستقل ڈیلیٹ ہوجاتی ہیں۔



