
پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو گرفتاری کے بعد آج جیل منتقل کردیا گیا۔
تینوں رہنماؤں کو گزشتہ رات پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے پولیس نے حراست میں لیا تھا۔ گرفتاری سے قبل ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان نے ہائیکورٹ بار روم میں رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں گرفتاری دینے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق تینوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے صحافی کے سوال پر بھی تصدیق کی کہ ان کے پاس تھری ایم پی او کے احکامات موجود ہیں۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے ریڈیو حملہ کیس میں تینوں رہنماؤں کی درخواست ضمانت خارج کردی تھی، جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم وکلا نے گرفتاری سے روک دیا تھا۔
بعد ازاں پی ٹی آئی رہنما عبوری ضمانت کے لیے پشاور ہائیکورٹ پہنچے، جہاں ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئی، تاہم پولیس نے انہیں ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے حراست میں لے لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ تینوں رہنماؤں کی گرفتاری کا معاملہ ڈپٹی کمشنر کے سامنے اٹھایا جائے گا۔



