
وائٹ ہاؤس نے تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔
اس سے قبل امریکی جریدے نیویارک پوسٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کے شہر شینزن میں جمعرات کو تینوں عالمی رہنماؤں کی ملاقات متوقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول اور ان میں کمی کے معاملات پر گفتگو ہوگی، جبکہ شمالی کوریا، یوکرین اور ایران کی صورتحال بھی زیرِ بحث آسکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے جوہری ہتھیاروں میں کمی سے متعلق مذاکرات کی تصدیق کی ہے، تاہم امریکی حکام کے مطابق اس ملاقات سے کسی معاہدے کی توقع نہیں ہے۔
متوقع ملاقات کو 1945 کی یالٹا کانفرنس سے بھی جوڑا جا رہا ہے، جس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے جنگِ عظیم دوم کے بعد یورپ کے مستقبل پر بات چیت کی تھی۔
یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی اس ملاقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شینزن میں ہونے والی بات چیت 21ویں صدی کے لیے عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا سبب بن سکتی ہے۔



