
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب ایک پوسٹ میں 20 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کی جا سکیں گی۔
اس سے قبل صارفین ایک پوسٹ میں زیادہ سے زیادہ 4 تصاویر یا ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے تھے، تاہم اب یہ حد بڑھا کر 20 کر دی گئی ہے۔
اس طرح ایکس پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے کی گنجائش میں 5 گنا اضافہ ہو گیا ہے۔
ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایکس کے مالک ایلون مسک کو حریف کمپنی میٹا کی ایپ انسٹاگرام کا وہ فیچر پسند آیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایک پوسٹ میں 20 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کر سکتے ہیں۔
ایکس کے موبائل انجینئرنگ شعبے کے سربراہ جونا کاٹز (Jonah Katz) نے ایک پوسٹ کے ذریعے اس نئے فیچر کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 10 سال سے ایک پوسٹ میں صرف 4 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کی سہولت دستیاب تھی، لیکن اب اس حد کو بڑھا کر 20 کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنے اعلان کے ساتھ ایک پوسٹ میں 20 تصاویر بھی شیئر کیں۔



