
کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے اہم ذخائر دریافت کرلیے گئے ہیں۔ ماڑی انرجیز نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردہ خط میں معدنی ذخائر کی دریافت سے متعلق تفصیلات جاری کردی ہیں۔کمپنی کے مطابق اس کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز نے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کے دوران یہ ذخائر دریافت کیے ہیں۔ متعلقہ علاقے میں اب تک 25 ہزار میٹر ڈرلنگ کا کام مکمل کیا جاچکا ہے، جبکہ دریافت ہونے والی معدنیات تقریبا 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلی ہوئی ہیں۔ماڑی انرجیز کے مطابق ذخائر کے حجم اور معیار کا درست اندازہ لگانے کے لیے مزید ایک ہزار میٹر گہرائی تک ڈرلنگ کی جائے گی، جس کے بعد معدنی ذخائر کی مجموعی مقدار اور معاشی اہمیت کا تعین کیا جاسکے گا۔کمپنی کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تلاش اور کھدائی کے مزید تفصیلی نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں سامنے آنے کی توقع ہے، جس کے بعد منصوبے کے آئندہ مراحل کا فیصلہ کیا جائے گا۔



