
کوئٹہ (یو این اے)رکنِ صوبائی اسمبلی میر جہانزیب مینگل نے کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کی جانب سے صوبے میں سرحدی تجارت کے فروغ، عوام کو باعزت روزگار کی فراہمی اور بندوق کے کلچر کے بندوق کے کلچر سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند اور بلوچستان کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت سوچ قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں میر جہانزیب مینگل نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، معاشی استحکام اور عوامی خوشحالی کے حصول کے لیے ناگزیر ہے کہ نوجوانوں کو ہتھیاروں کے بجائے تعلیم، ہنر، کاروبار اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بھی امن و امان کی بہتری، معاشی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے ٹھوس عملی اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی تجارت بلوچستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے کیونکہ صوبے کے ہزاروں خاندانوں کا ذریعہ معاش بارڈر ٹریڈ سے وابستہ ہے۔ سرحدی تجارتی راستوں کو قانونی، منظم اور مستقل بنیادوں پر فعال بنانے سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی آبادی اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔رکنِ صوبائی اسمبلی نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان کا مستقبل بندوق کے کلچر میں نہیں بلکہ امن، تعلیم، شعور، تجارت اور معاشی ترقی میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں امن و خوشحالی اور معاشی استحکام کے لیے اٹھائے جانے والے تمام مثبت اقدامات کی بھرپور حمایت کی جانی چاہیے، کیونکہ ایک پرامن اور خوشحال بلوچستان ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔



