
خاران(یو این اے )رخشان ڈویژن کے کمشنر اسد اللہ کاکڑ کے خاران، کوئٹہ مرکزی شاہراہ پر مبینہ اغوا کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال واقعے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی۔تفصیلات کے مطابق خاران، کوئٹہ مرکزی شاہراہ پر تحصیل پتکن کے علاقے برشونکی میں ناکہ بندی کے دوران نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے کمشنر رخشان ڈویژن اسد اللہ کاکڑ کو مبینہ طور پر اپنے ساتھ لے جانے کی اطلاعات ہیں۔ اسد اللہ کاکڑ اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے لیے خاران آرہے تھے۔ وہ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر خاران کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔واضح رہے کہ چند روز قبل اسی مقام سے ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کے مبینہ اغوا کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جو 12 روز بعد بازیاب ہوئے تھے۔کمشنر اسد اللہ کاکڑ کے مبینہ اغوا سے متعلق مزید تفصیلات اور سرکاری تصدیق کا انتظار ہے۔



