
اسلام آباد ،کوئٹہ(یو این اے )تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہی اجلاس میں خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کیے جانے تک حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔اجلاس کی صدارت تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کی۔ اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل، بیرسٹر گوہر خان، سلمان اکرم راجہ، صاحبزادہ حسن رضا، سید زین شاہ، سینیٹر مشتاق احمد خان، سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر، محمد زبیر، ساجد خان ترین، عمار علی جان، حسین احمد یوسفزئی اور دیگر رہنماں نے شرکت کی۔اجلاس میں خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال اور امن و امان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کو آئین اور عوامی مینڈیٹ پر شب خون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام صرف ایک صوبے کے عوام نہیں بلکہ تمام صوبوں کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے۔ اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ اس فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ سے بھی رجوع کیا جائے گا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے نیشنل ایکشن پلان کی مکمل حمایت کی اور مطالبہ کیا کہ نئی پالیسیاں متعارف کرانے کے بجائے خیبر پختونخوا اسمبلی سے منظور شدہ امن جرگے کی مشترکہ قرارداد پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔اجلاس کے شرکا نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی، اسپیکر صوبائی اسمبلی بابر سلیم سواتی، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر اور گرفتار ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت تمام سیاسی رہنماں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں عمران خان کی بہنوں کی رہائی، عمران خان سے ملاقات اور ان کے ذاتی معالجین کو رسائی دینے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کے مبینہ غیر آئینی اقدامات کے باعث اس کے ساتھ مذاکرات معطل رہیں گے۔ شرکا کے مطابق مذاکرات سے متعلق تمام اختیارات محمود خان اچکزئی کے پاس ہوں گے، جبکہ عمران خان سے ملاقات اور ان کی صحت کے بارے میں معلومات ملنے تک حکومت سے بات چیت نہیں کی جائے گی۔بلوچستان کی صورت حال پر اظہار خیال کرتے ہوئے اجلاس میں کہا گیا کہ صوبے میں بدامنی کی وجوہات میں غیر نمائندہ صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت کی ناکام پالیسیاں شامل ہیں۔ شرکا نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے مسائل طاقت کے بجائے عوام کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں۔ اجلاس میں ایمان مزاری، ان کے شوہر ہادی چھٹہ، ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی سے وابستہ سیاسی قیدیوں کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا۔تحریک تحفظ آئین پاکستان نے عدلیہ کی آزادی محدود کرنے اور ذرائع ابلاغ پر پابندیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آئین شکنی کے معاملات عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے سامنے اٹھائے جائیں گے۔اجلاس میں آزاد کشمیر کی بگڑتی صورت حال پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ شرکا نے الزام عائد کیا کہ وہاں عوام پر ایک غیر نمائندہ نظام مسلط کیا گیا ہے اور انہیں کئی ماہ تک انٹرنیٹ سمیت بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا گیا۔ اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور بنیادی ضروریات کی عدم دستیابی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ حکمران طبقے کے اخراجات کا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے۔



