
اسلام آباد (یو این اے )پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کی تقریر کو مبینہ طور پر ایک بار پھر سنسر کردیا گیا۔ قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے حکومت کی تشکیل، انتخابی عمل، خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ، عمران خان سے ملاقات پر پابندی اور ملک میں بڑھتے ہوئے سیاسی و آئینی بحران پر شدید تنقید کی۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت عوامی مینڈیٹ کی حقیقی عکاس نہیں۔ ان کا الزام تھا کہ انتخابات میں طاقت اور ریاستی اداروں کی حمایت کے ذریعے نتائج پر اثرانداز ہوا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا قصور یہ ہے کہ وہاں کے عوام نے اپنے ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ سنایا اور دہشت گردی کے مقابلے میں اپنے صوبے کو بچانے کی کوشش کی۔انہوں نے مشرقی پاکستان کی تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں سیاسی اختلافات اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کے رویے نے ملک کو نقصان پہنچایا۔ ان کے مطابق صوبوں کے عوام کو ان کے سیاسی، آئینی اور معاشی حقوق دینے اور پارلیمنٹ کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔قائد حزب اختلاف نے خبردار کیا کہ اگر عوام کے حقِ رائے دہی، صوبائی خودمختاری اور وسائل پر اختیار کو طاقت کے ذریعے محدود کیا گیا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان، سندھ، خیبرپختونخوا، پنجاب اور سرائیکی علاقوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے، جبکہ معدنیات، پانی اور زمینوں سے متعلق فیصلوں میں مقامی آبادیوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔محمود خان اچکزئی نے ملک میں مبینہ کرپشن، معاشی ناہمواری اور غربت پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے سول اور عسکری اداروں سے مطالبہ کیا کہ موجودہ حکومت کے دور میں مبینہ بدعنوانی کے بارے میں حقائق سامنے لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل آئین کی بالادستی، جمہوری نظام اور پارلیمنٹ کو بااختیار بنانے میں ہے۔انہوں نے خارجہ پالیسی اور علاقائی تعلقات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی تشویش ناک ہے۔ ان کے مطابق ایران، افغانستان اور دیگر ممالک سے متعلق اہم معاملات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے، کیونکہ قومی پالیسی سازی میں عوامی نمائندوں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔عمران خان سے ملاقات کے معاملے پر محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کسی سیاسی رہنما سے ملاقات پر پابندی کے بجائے سیاسی شخصیات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ وہ خود عمران خان سے ملاقات کرکے ان کی صحت اور مقف کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے اور حکومت و اپوزیشن کے درمیان اختلافات کم کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی معاملے پر عمران خان کا مقف غلط ثابت ہوا تو وہ اس کی نشاندہی کریں گے، لیکن سیاسی اختلافات کو طاقت کے ذریعے دبانا مناسب نہیں۔انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف ماضی کے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے خبردار کیا کہ سیاسی رہنماں کے خلاف سخت اقدامات اور غیر جمہوری طریقوں کے طویل المدتی نتائج ہوسکتے ہیں۔ ان کے مطابق سیاسی بحرانوں سے نکلنے کے لیے مکالمہ، مفاہمت اور آئینی راستہ اختیار کرنا ضروری ہے۔خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے نفاذ پر تنقید کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے سوال اٹھایا کہ یہ اقدام کس آئینی اور قانونی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پشاور میں جاری کارروائیاں روکی جائیں، عوام میں پائے جانے والے خدشات دور کیے جائیں اور متعلقہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو مزید سیاسی تقسیم اور تصادم سے بچانے کے لیے پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ بنایا جائے، صوبوں کو ان کے آئینی اختیارات دیے جائیں اور عوام کے مسائل کا حل طاقت کے بجائے بات چیت کے ذریعے تلاش کیا جائے۔



