
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کو جواز بنا کر غیر جمہوری اقدامات کرنا کسی بھی صورت جمہوری عمل کے مفاد میں نہیں۔ کسی صوبے کی منتخب حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانا وفاقی جمہوری ڈھانچے کے لیے خطرناک مثال قائم کرے گا۔مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومتوں کا قیام اور ان کے اختیارات عوام کے ووٹ سے وابستہ ہیں، اس لیے عوامی مینڈیٹ کو کسی انتظامی یا غیر سیاسی اقدام کے ذریعے کمزور کرنا ان کے حقِ انتخاب کو متاثر کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی قوتوں کے درمیان کشیدگی بڑھانے کے بجائے جمہوری اور سیاسی راستہ اختیار کرتے ہوئے مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی وفاق کی تمام اکائیوں کے آئینی حقوق اور خودمختاری پر یقین رکھتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے سیاسی معاملات میں غیر آئینی مداخلت کے بجائے عوامی مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور سیاسی قوتوں کو اپنے مسائل پارلیمان کے اندر حل کرنے کا موقع دیا جائے۔نیشنل پارٹی کے ترجمان نے مزید کہا کہ جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی برقرار رکھنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق کوئی بھی غلط فیصلہ جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے ساتھ آمرانہ طرزِ عمل کے فروغ کا سبب بن سکتا ہے۔



