
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فوج تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت کی گئی ہے، جس کا مقصد صوبائی انتظامیہ کی معاونت اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پاک فوج شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کی سکیورٹی کی ذمہ دار ہوگی۔ فوج کی تعیناتی 11 اکتوبر 2026 کو نافذ کی گئی ایمرجنسی کی مدت تک برقرار رہے گی۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں فوجی دستوں کی تعداد کا تعین گورنر صوبہ، جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) سے مشاورت کے بعد کریں گے۔ اس سلسلے میں ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے نفری کا فیصلہ کیا جائے گا۔وزارت داخلہ کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ آئندہ گزٹ آف پاکستان کے حصہ دوم میں شائع کیا جائے گا۔



