
اسلام آباد (یو این اے) انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سمیت پاکستان تحریک انصاف کے 24 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت کے فیصلے کے مطابق اسد قیصر، شہرام ترکئی، شاہ احد، شیر علی ارباب، محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر امجد علی، جنید اکبر، شاہد خٹک، زبیر وزیر، عمر ایوب، ارشد عمر زئی، زر عالم، میاں عمر اور اختر خان کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے ہمایوں خان، ریاض خان، عبدالکبیر خان، طفیل انجم، آصف محسود، عجب گل، محمد عثمان اور بابر سلیم سواتی سمیت عرفان سلیم، ایڈووکیٹ علی زمان اور ملک شہاب کے پاسپورٹ بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ دستیاب ریکارڈ کے مطابق تمام ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں، جبکہ تفتیشی افسر کے مطابق ملزمان قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہوسکتے ہیں۔ عدالت کے مطابق ملزمان پر ریاستی اداروں پر حملوں اور دہشتگردی کے فروغ جیسے سنگین الزامات عائد ہیں اور وہ عدالت کے روبرو پیش ہونے میں بھی ناکام رہے۔عدالت نے قرار دیا کہ عبوری ضمانت حاصل کرنے والے بعض ملزمان بھی مقدمے میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ تفتیشی افسر کی جانب سے ملزمان کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے ایف آئی اے کو اگلے احکامات تک تمام متعلقہ افراد کے پاسپورٹ بلاک کرنے کی ہدایت کردی۔پاسپورٹ بلاک کرنے کی درخواست تھانہ کوہسار میں درج مقدمے کے سلسلے میں پولیس کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے اس حوالے سے فیصلہ جاری کیا۔



