
کوئٹہ )یو این اے( بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس دو روز کے لیے معطل کردی گئی ہے۔ ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی 5 اور 6 ستمبر کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث منسوخ کردی گئی ہے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ آج پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کی سروس بھی جیکب آباد تک محدود کردی گئی ہے، جس کے باعث کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔حکام کے مطابق ریلوے ٹریک کی ضروری مرمت مکمل ہونے کے بعد ٹرین سروس معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی جانے والی بولان میل جبکہ چمن کے لیے چمن پسینجر ٹرین بھی گزشتہ چھ ماہ سے بند ہیں، جس کے باعث صوبے سے ریلوے کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کو پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔



