
تربت(یو این اے ) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا ہے کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ نئے صوبوں کا قیام یا موجودہ صوبوں کی تقسیم نہیں بلکہ جمہوری و سیاسی عمل کا تسلسل، آئین کی پاسداری اور معیشت کا استحکام ہے۔ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی حقیقی عملداری نہ ہونے کے باعث عوامی بے چینی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز تربت پریس کلب کے آڈیٹوریم میں پروگرام گند نند کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما محمد جان دشتی، فدا جان بلیدی، ضلعی صدر یونس جاوید، معتبر شیرجان، وحید اختر اور دیگر بھی موجود تھے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی حالات خراب ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کے بڑی طاقتوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، تاہم بلوچستان سمیت ملک کو درپیش اندرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول اور عسکری قیادت کو اصل مسائل کا ادراک کرتے ہوئے اعتماد سازی کی طرف بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ ملک کی کسی بھی بڑی سیاسی جماعت، مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف یا جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے نہیں کیا جارہا۔ ان کے مطابق بلوچستان کے سوا دیگر صوبے قیام پاکستان سے قبل 1901 میں تشکیل دیے گئے تھے، اس لیے نئے صوبوں کا قیام موجودہ مسائل حل کرنے کے بجائے معاملات کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی کوشش ہے کہ اسلام آباد کو بلوچ عوام اور بلوچستان کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جائے۔ طاقت کے ذریعے مسائل حل کرنے کی پالیسی مثر ثابت نہیں ہوسکتی۔ نیشنل پارٹی جمہوری اور سیاسی اداروں کا حصہ بن کر انہی اداروں کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، تاہم موجودہ رویے اس سمت میں نظر نہیں آرہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کسی ایک مسئلے کا شکار نہیں بلکہ صوبے کو تعلیم، بے روزگاری، بارڈر ٹریڈ، زراعت، زیرزمین پانی اور عام شہریوں کے تحفظ سمیت متعدد سنگین مسائل درپیش ہیں۔ بڑے پیمانے پر لاپتہ افراد کا معاملہ بھی موجود ہے، جس کی آئین کسی صورت اجازت نہیں دیتا۔ ان تمام مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے، جبکہ صوبے کی شاہراہیں بھی شہریوں کے لیے غیر محفوظ ہوتی جارہی ہیں۔نیشنل پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ملک میں جمہوری نظام برائے نام رہ گیا ہے، انتخابات میں ووٹ کسی اور کو پڑتے ہیں جبکہ کامیاب کوئی اور قرار پاتا ہے۔ ان کے بقول یہ صورتحال عوامی اور سیاسی بے چینی کی بڑی وجوہات میں سے ایک ہے، کیونکہ جو نمائندے عوام کے ووٹ کے بجائے فارم 47 کے ذریعے مسلط ہوتے ہیں، وہ خود کو عوام کے سامنے جواب دہ نہیں سمجھتے۔انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ معاشی بحران ہے۔ بلوچستان کے 12 قانونی بارڈر ہیں، جن میں سے 6 اس وقت بند ہیں، جس سے صوبے کی معیشت اور روزگار شدید متاثر ہورہے ہیں۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان پر توجہ نہ دینے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ حکومت سازی میں صوبے کا کردار انتہائی محدود ہے۔ قومی اسمبلی کی مجموعی 336 نشستوں میں بلوچستان کی صرف 20 نشستیں ہیں، جبکہ پنجاب کی 173 نشستیں ہیں، جس کے باعث حکومت سازی کے لیے پنجاب کے ارکان ہی کافی ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان سمیت دیگر چھوٹے صوبوں کو قومی سطح پر مناسب سیاسی نمائندگی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اس وقت چین، امریکہ اور روس سمیت بڑی طاقتوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، جبکہ ایران، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر ممالک کے ساتھ بھی مراسم موجود ہیں۔ پاکستان خطے میں ایک مضبوط عسکری قوت کے طور پر ابھرا ہے، تاہم علاقائی اور اندرونی تنازعات کے حل کے لیے مثبت پالیسی، سیاسی تدبر اور مثر کردار کی ضرورت ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی قیادت نے ملک کی سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کرکے ان کے سامنے بلوچستان کا مقدمہ پیش کیا ہے اور پارٹی جمہوری و سیاسی جدوجہد کے ذریعے بلوچستان کے مسائل کے حل اور ملک میں حقیقی جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔



