
کوئٹہ (یو این اے) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) کی جانب سے کیسکو کے سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف شاہ خان اور چیف انٹرنل آڈیٹر محمد احمد بلال کے خلاف دوہری ملازمت، جعلسازی، دھوکہ دہی اور اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال کے الزامات میں مقدمہ درج کیے جانے کے بعد کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے چیف انٹرنل آڈیٹر محمد احمد بلال کا کنٹریکٹ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق کیسکو نے نئے چیف انٹرنل آڈیٹر کی تعیناتی کے لیے باقاعدہ طور پر آسامی مشتہر کرتے ہوئے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی ہیں۔ اشتہار میں واضح کیا گیا ہے کہ پہلے سے کسی ادارے میں ملازمت کرنے والے امیدوار کو تقرری کی صورت میں اپنی موجودہ ملازمت سے استعفی دینا ہوگا یا قبل از وقت ریٹائرمنٹ حاصل کرنا ہوگی۔واضح رہے کہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ نے 4 اگست 2026 کو ایف آئی آر نمبر FIR-ACC-QTA-53/26 درج کرکے کیسکو کے چیف انٹرنل آڈیٹر محمد احمد بلال اور سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر یوسف شاہ خان کے خلاف تحقیقات شروع کی تھیں۔ایف آئی آر کے مطابق محمد احمد بلال پر الزام ہے کہ وہ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز (بیوٹمز) کوئٹہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ (گریڈ 18) کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور اسی دوران انہوں نے کیسکو میں چیف انٹرنل آڈیٹر کے عہدے کے لیے درخواست دی، جبکہ مبینہ طور پر اپنی سابقہ ملازمت سے متعلق حقائق چھپائے۔ایف آئی اے کے مطابق دستاویزی شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ محمد احمد بلال نے 22 ستمبر 2021 سے 30 جون 2022 تک بیوٹمز سے رخصت حاصل کی اور اسی عرصے کے دوران کیسکو میں ملازمت اختیار کی۔ الزام ہے کہ جون 2022 میں کیسکو کو جمع کرائے گئے بائیو ڈیٹا میں انہوں نے بیوٹمز میں اپنی سروس 21 ستمبر 2021 کو ختم ہونے کا ذکر کیا، حالانکہ وہ مبینہ طور پر اس ادارے کے ملازم تھے۔ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس طرح مبینہ دوہری ملازمت کے دوران دونوں اداروں سے مراعات حاصل کی گئیں۔ایف آئی اے کے مطابق کیسکو کے سابق سی ای او یوسف شاہ خان محمد احمد بلال کی مبینہ دوہری ملازمت سے آگاہ تھے، تاہم ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کی گئی۔ ایف آئی آر میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ کیسکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انسانی وسائل کی سفارشات کو نظرانداز کرتے ہوئے مئی 2025 میں چیف انٹرنل آڈیٹر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی گئی۔ایف آئی اے کے مطابق وزارت توانائی، پاور ڈویژن نے 30 مارچ 2026 کو تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو سی سطح کی تقرریوں سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں، تاہم الزام ہے کہ کیسکو کے سی ای او نے یکم جون 2026 کو دفتری حکم نامے کے ذریعے محمد احمد بلال کے کنٹریکٹ میں مزید 6 ماہ کی توسیع کردی۔ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محمد احمد بلال کے خلاف اندرونی انکوائری شروع ہونے کے بعد کیسکو کے سی ای او، جو انکوائری کے کنوینر بھی تھے، نے مبینہ طور پر کارروائی قبل از وقت ختم کرا دی، جبکہ ایف آئی اے کی جانب سے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت جاری نوٹس کا جواب دینے سے بھی مبینہ طور پر انکار کیا گیا۔ایف آئی اے نے دونوں ملزمان کے خلاف انسداد بدعنوانی ایکٹ کی دفعہ 5(2) اور تعزیرات پاکستان کی دفعات 417، 419، 420، 468، 471، 34 اور 109 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش سب انسپکٹر رانا رشید رضا کے سپرد کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی کارروائی انکوائری نمبر 341/2025 کی روشنی میں عمل میں لائی گئی، جس میں کیسکو میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور جعلی تقرریوں سے متعلق شواہد سامنے آنے کا دعوی کیا گیا تھا۔کیسکو کی جانب سے نئے چیف انٹرنل آڈیٹر کی آسامی مشتہر کیے جانے کے بعد معاملے نے مزید اہمیت اختیار کرلی ہے، تاہم ایف آئی آر میں عائد الزامات کی حتمی حیثیت کا تعین تفتیش اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی ہوسکے گا۔



