
کوئٹہ: چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے ملک بھر کے ہر ضلع میں سہولت مراکز قائم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مراکز کے قیام سے سائلین اور وکلا کو فوری اور مثر سہولیات میسر ہوں گی جبکہ انصاف کی فراہمی کا عمل بھی تیز ہوگا۔کوئٹہ میں سہولت مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ میرے لیے بلوچستان آنا بڑی خوشی کی بات ہے، سہولت مرکز کے افتتاح سے عوام کو کئی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ سہولت مرکز کا مقصد سائلین اور وکلا کو فوری سہولیات فراہم کرنا ہے، اس کے قیام سے عوام کو مثر اور آسان انداز میں قانونی سہولیات میسر آئیں گی اور انصاف کی فراہمی کا عمل تیز ہوگا۔جسٹس یحیی آفریدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ اس طرح کے سہولت مراکز بلوچستان کے ہر ضلع اور ہر تحصیل میں قائم کیے جائیں۔ ہمارا وعدہ ہے کہ ایسی سہولت ملک کے ہر ضلع میں قائم کریں گے۔چیف جسٹس پاکستان نے مزید کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ جسٹس فنڈ قائم کیا جائے، جس کے ذریعے انصاف کی فراہمی اور عوامی سہولیات کے عمل کو مزید بہتر بنایا جاسکے گا۔انہوں نے 8 اگست کے شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کی جدوجہد کو جاری رکھیں



