
کوئٹہ(یو این اے )جبری گمشدگیوں کے متاثرین کے عالمی دن کی مناسبت سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے زیرِ اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں جبری لاپتہ افراد کے لواحقین سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔مظاہرے سے وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز کے چیئرمین نصراللہ بلوچ، جبری لاپتہ افراد کے لواحقین اور کمیونسٹ پارٹی کے رہنما کریم پرہاد سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔ مقررین نے جبری گمشدگیوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بازیابی اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔نصراللہ بلوچ نے کہا کہ وائس فار بلوچ مسنگ پرسنز گزشتہ 17 سال سے جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت قتل کے خاتمے اور لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پرامن اور جمہوری جدوجہد کر رہی ہے۔ مختلف حکومتوں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے یقین دہانیوں کے باوجود ان مطالبات پر مثر عمل درآمد نہیں ہوسکا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ملکی سلامتی کے نام پر جبری گمشدگیوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر نئے کیسز سامنے آرہے ہیں۔ بعض لاپتہ افراد کے ماورائے عدالت قتل کی اطلاعات بھی موصول ہوتی ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں کی مبینہ جبری گمشدگیوں پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔وی بی ایم پی کے چیئرمین نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جبری گمشدگیوں کے خاتمے اور زیرِ حراست افراد کو 24 گھنٹوں کے اندر مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے اعلانات کیے گئے تھے، تاہم ان کے مطابق زمینی صورتحال ان دعوں سے مختلف ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکا جائے، تمام لاپتہ افراد، بالخصوص لاپتہ خواتین، کو بازیاب کرایا جائے اور زیرِ حراست افراد کو قانونی طریقہ کار کے مطابق عدالتوں کے سامنے پیش کیا جائے۔شرکا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو ان کے پیاروں سے متعلق معلومات فراہم کی جائیں، زیرِ حراست افراد کو قانونی چارہ جوئی کا حق دیا جائے اور جبری گمشدگیوں کے مسئلے کے مستقل حل کے لیے مثر عملی اقدامات کیے جائیں۔



