
کوئٹہ (یو این اے) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے زیراہتمام منعقدہ پشتون قومی جرگے کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں، نواب اور قبائلی مشران اپنے اختلافات بھلا کر سر جوڑیں اور موجودہ حالات کے تناظر میں ایک متفقہ قومی لائحہ عمل تشکیل دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جرگہ کسی ایک سیاسی جماعت کا نہیں بلکہ پوری پشتون قوم کے بقا اور مستقبل کا جرگہ ہے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون قومی جرگہ بنوں قومی جرگے کے فیصلوں کا تسلسل ہے اور موجودہ کٹھن حالات میں پشتونوں کے جان و مال اور عزتیں شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زیارت سانحے سمیت پے در پے ہونے والے خونریز واقعات اور بدامنی کا مستقل خاتمہ ضروری ہے، جبکہ سڑکوں پر آئے روز کی تلاشیوں، چیک پوسٹوں اور عام شہریوں کی بے عزتی کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔چیئرمین پشتونخوا میپ نے واضح کیا کہ پشتون قومی جرگہ کسی طور بلوچوں کے خلاف نہیں۔ بلوچ اور پشتون اپنی اپنی تاریخی سرزمین پر آباد ہیں اور دونوں قوموں کے درمیان کوئی دشمنی یا جنگ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ صدیوں سے ہمسائے ہیں اور تمام معاملات برادرانہ بات چیت، باہمی احترام اور امن کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پنجابی، سندھی، بلوچ، سرائیکی اور پشتون سمیت تمام قومیتوں کا مشترکہ ملک ہے، یہاں کوئی آقا اور کوئی غلام نہیں۔ آئین اور قانون کے مطابق تمام قومیتوں کو برابری اور ان کے جائز حقوق ملنے چاہئیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ برٹش بلوچستان اور تاریخی پشتون اضلاع کوئٹہ، پشین، لورالائی، ژوب، چمن، ہرنائی اور زیارت کا اپنا جغرافیائی وجود ہے۔ کوئٹہ سمیت پشتون پٹی میں اراضی پر غیر قانونی قبضوں اور حد بندی کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بازئی قبیلے سمیت دیگر پشتون اقوام کی ہزاروں ایکڑ زمینوں پر زبردستی قبضہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔پشتونخوا میپ کے چیئرمین نے خطے کے قدرتی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پشتون علاقوں کی پہاڑیاں لیتھیم، سونا، چاندی، تانبا اور دیگر نایاب معدنیات سے مالا مال ہیں، مگر ان بے پناہ وسائل کے باوجود عوام کو بنیادی سہولیات اور خوشحالی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی فراوانی کے باوجود باصلاحیت پشتون نوجوان دبئی اور دیگر خلیجی ممالک میں مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔محمود خان اچکزئی نے پشتونوں کی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پشتون قوم کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے اور اس کے آثار قدیم تاریخی حوالوں میں ملتے ہیں۔ ان کے بقول سکندرِ اعظم سے لے کر برطانوی سامراج تک پشتونوں کے آبا اجداد نے اپنی خودداری اور دھرتی کا دفاع کیا، جبکہ احمد شاہ بابا اور میرویس خان نیکہ نے عدل، انصاف اور خودمختاری کا درس دیا۔افغانستان اور خطے کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افغانستان پر پہلے روس اور پھر امریکہ و نیٹو کی جنگیں مسلط کی گئیں، جن کے نتیجے میں لاکھوں انسانوں کا خون بہا اور پورا خطہ تباہی سے دوچار ہوا۔ انہوں نیاقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ افغانستان اور پورے خطے کی صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں کردار ادا کیا جائے۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتون ہرگز دہشت گرد قوم نہیں بلکہ مہمان نواز، انسان دوست اور پرامن قوم ہیں۔ مسجدوں اور حجروں میں مسافروں کو روٹی اور پناہ دینے والے پشتون کلچر کو بدنام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چار دہائیوں کی جنگوں نے پشتون خطے کو تباہ کر دیا ہے، اب مزید عالمی پراکسی جنگوں اور خونریزی کے لیے اس سرزمین کو استعمال نہ کیا جائے۔انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، پشتون قوم اپنے حقوق کے حصول کے لیے سیاسی شعور، مذاکرات اور اتحاد کا راستہ اختیار کرے گی۔ گرینڈ جرگے کے ذریعے عالمی برادری، ہمسایہ ممالک اور ریاست کے سامنے متفقہ مطالبات پیش کیے جائیں گے۔چیئرمین پشتونخوا میپ نے کہا کہ تمام سیاسی و قبائلی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری قوم کا ایک عظیم گرینڈ جرگہ بلانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونوں کے مستقبل کے فیصلے بند کمروں میں نہیں بلکہ عوامی نمائندگی رکھنے والے گرینڈ جرگے میں ہونے چاہئیں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ آمو دریا سے اباسین تک کی سرزمین تاریخی، جغرافیائی اور قدرتی اعتبار سے اہم ہے اور اس خطے کے عوام اپنے وسائل پر جائز اور آئینی حق چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام انسان حضرت آدم اور حوا کی اولاد ہیں، زبان، نسل یا قوم کی بنیاد پر کسی کو دوسرے پر برتری حاصل نہیں۔انہوں نے امریکہ، چین، روس اور دیگر عالمی طاقتوں کو پیغام دیا کہ پشتون سرزمین کو مزید عالمی پراکسی جنگوں اور خونریزی کا میدان نہ بنایا جائے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری افغانستان اور پورے خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا ہر کارکن قومی فیصلوں کے ساتھ کھڑا ہے اور موجودہ حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر اپنے حقوق، جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھانا ہوگا۔



