
کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان میں انتظامی امور کے حوالے سے صورتحال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، جہاں اہم ترین سرکاری عہدے خالی ہونے اور بعض افسران کی طویل عرصے سے ایک ہی عہدے پر تعیناتی کے باعث حکومتی نظام کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے صوبے میں موجود نہیں ہیں، تاہم اس اہم عہدے پر تاحال کسی مستقل افسر کی تعیناتی کا فیصلہ نہیں کیا جا سکا۔ صوبے میں امن و امان سمیت اہم انتظامی معاملات میں محکمہ داخلہ کا کردار انتہائی اہم ہونے کے باوجود عہدے کا مستقل خالی رہنا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔دوسری جانب سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی بھی چار ماہ کی تربیت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ افسر کو اس عہدے پر تین سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، تاہم اس کے باوجود ان کی مستقل تبدیلی یا کسی نئے افسر کی تعیناتی کے حوالے سے اب تک کوئی واضح حکومتی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری بلوچستان بھی گزشتہ تین سال سے مسلسل اسی عہدے پر تعینات ہیں، جبکہ ان سے وابستہ بعض افسران کی طویل اور مسلسل تعیناتیوں پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔انتظامی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبے کے اہم ترین عہدوں پر مستقل افسران کی عدم موجودگی اور طویل تعیناتیوں کے باعث حکومتی امور متاثر ہو رہے ہیں۔ بعض سرکاری معاملات کے واٹس ایپ کے ذریعے چلائے جانے کی اطلاعات نے بھی انتظامی نظام کی کارکردگی پر مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں انتظامی ڈھانچے کو مثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اہم عہدوں پر اہل اور مستقل افسران کی بروقت تعیناتی کی جائے اور طویل عرصے سے ایک ہی عہدے پر تعینات افسران کے حوالے سے بھی پالیسی کے مطابق فیصلے کیے جائیں تاکہ صوبے کے انتظامی امور بہتر انداز میں چلائے جا سکیں۔



